Peshawar the city of Flowers 🌺

Опубликовано: 05 Август 2026
на канале: Panorama By Waleed
8
1

روداد ہمارے سفر کی
محمد عثمان
پشاور واقعی پھولوں کا شہر ہے اور یقیناً اہلیانِ پشاور مہمان نواز بھی ہیں۔ یہ بات انتخابات سے چند روز پہلے کی ہے۔ سفر کے آغاز میں ہی موٹروے پر دریائے سندھ کے پل پر رکنے کی خواہش ہمیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک بھاری بھرکم چالان، جس کا بوجھ ہمارے ناتواں کندھے اٹھانے کی سکت ہر گز نہیں رکھتے تھے، پر منتج ہوا ہی چاہتی تھی کہ ہم نے اپنے پروفیشنل اسکلز کو بروئے کار لاتے ہوئے اس قدر منت سماجت کی کہ وارڈن صاحب کو رحم آگیا وگرنہ وہ خان صاحب بضد تھے کہ' کچھ بھی ہوجائے چالان تو خوچا ہم کر کے رہے گی۔'
پشاور شہر داخل ہوتے ہی ہر طرف پولیس ہی پولیس نظر آئی، انتخابی مہم بھی جاری تھی، جگہ جگہ امیدواروں کے تشہیراتی بینرز بھی آویزاں تھے۔
پشاور واقعی پھولوں کا شہر ہے، ایسے پھول جو اپنی نازکی، خوشبو اور حسن ہر کسی پر عیاں نہیں کرتے۔۔۔ ایسے پھول ہمیں کثرت سے نظر آئے۔
یہ ہفتے کا روز تھا، اس لیے ہمیں پشاور یونیورسٹی کی خوبصورت عمارت کے سامنے تصاویر بنانے کی کوئی صورت نظر نہ آ رہی تھی، یہ کام بھی ہم نے بڑے جتن کرکے، گارڈ صاحب کی توصیف و ستائش میں زمین و آسمان کے قلابے ملا کر سر انجام دیا۔
اسلامیہ یونیورسٹی میں آسانی سے داخلے کی اجازت مل گئی۔ ویسے تو پشاور میں تمام یونیورسٹیز ایک دوسرے سے ملحق ہیں مگر پھر بھی بعض جگہ داخلی دروازے وغیرہ موجودہ ہیں۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہت خوبصورت اور محسور کن ہے۔ یہاں خوب فوٹو سیشن ہوا۔ حُسنِ ترتیب سے رکھے ہوئے گملوں میں لگے انواع و اقسام کے پھول، اپنی طرف مائل کر رہے تھے۔ یاد رہے یہ پھول وہ نہیں جن کی بات پہلے گزر چکی ہے۔
کارخانو مارکیٹ میں بہت عمدہ روش (پکوان) ملتا ہے، مگر یہاں ایک مسئلہ زبان کا تھا۔ روش والوں کو ہماری سمجھ نہ آئے اور ہمیں ان کی۔ خدا بھلا کرے وہاں بیٹھے کچھ نوجوانوں کا جنھوں نے ہمارے لیے ترجمانی کے فرائض انجام دیے۔ ان کے جانے کے بعد بقیہ گفت و شنید اشاروں کنایوں میں ہوئی۔
صدر بازار گھومنے کے بعد پشاور اندرون شہر پہنچے۔ سب سے پہلے پشاور کی سب سے قدیم اور تاریخی مسجد مہابت خان گئے۔ یہ مسجد فنِ تعمیر کی ایک عمدہ مثال ہے۔ اس کی تزئین و آرائش اور بحالی کے کام کی اشد ضرورت ہے۔
قصہ خوانی بازار سے گھومتے ہوئے ہم نمک منڈی جا پہنچے، جہاں سے پیٹ پوجا کا بندوبست کیا۔
سارا پشاور گھومنے کے بعد مختلف اشیا کے بارے میں ایک احساس ہمارے ایک دوست دلاتے رہے کہ:
"یہ چیز اس سے اچھی تو مظفرگڑھ میں مل جاتی ہے۔"
خیر رات دس بجے کے قریب ہم نے واپسی کی راہ لی۔ کچھ معلومات مفاد عامہ کےلیے سینسر کر لی گئی ہیں۔

#peahawar